
ریاست بیہار میں بھی ایک اہلکار کو قتل کیا گیا جب کہ گوہاٹی میں ایک بھارتی اہلکار نے خودکشی کرلی، فوٹو: فائل
نئی دہلی: بھارتی ریاست اروناچل پردیش میں چاقو بردار حملہ آوروں نے نیم فوجی دستے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار کو پے در پے وار کرکے قتل اور دوسرے کو شدید زخمی کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ آسام-اروناچل پردیش کی سرحد بوڈمسا میں اس وقت پیش آیا جب دونوں اہلکار سادہ لباس میں بازار آئے تھے اور خریداری کر رہے تھے۔
اتنے میں دو حملہ آور ایک موٹر سائیکل پر آئے اور اہلکاروں پر تیز دھار چاقو کے پے در پے وار کردیئے جس کے نتیجے میں سنیل کمار پانڈے نامی اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
دوسرے اہلکار کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ یہ دونوں اہلکار اروناچل پردیش میں 106 بٹالین میں تعینات تھے۔
اسی طرح ریاست بہار کے مشرقی ضلع چمپارن میں بھارتی ساشسٹرا سیما بال کے 30 سالہ کانسٹیبل دھرمیندر کمار کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
دوسری جانب انڈین سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی 128 بٹالین کے بپن چندر رائے نے گوہاٹی شہر کے فوجی کیمپ میں اپنے کمرے کی چھت سے لٹک کر خودکشی کرلی۔
#چاقو #بردار #شخص #کے #حملے #میں #بھارتی #فوج #کا #ایک #اہلکار #ہلاک #دوسرا #زخمی